نئی دہلی ،13؍اپریل (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) بہبود و ترقیات برائے خواتین و اطفال کی وزیر مینکا گاندھی نے جنسی جرائم سے متعلق بچوں کے تحفظ ایکٹ (پوکسو) میں ترمیم کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے قصورواروں کو پھانسی کی سزا کے لئے حکومت قانون لائے گی۔مینکا گاندھی نے آج ایک ویڈیو جاری کر کے کہا میں کٹھوا اور حالیہ جنسی زیادتیوں کو جان کر بہت زیادہ بے چین ہو گئی ہوں۔ میں اور وزارت مل کرپوکسو ایکٹ میں ترمیم کی تجویزپیش کریں گے جس کے مطابق 12 سال سے کم عمر کے بچوں کے جنسی استحصال کے معاملے میں موت کی سزا کاالتزام ہو۔اس سے پہلے وزیر مملکت جنرل وی کے سنگھ نے کل اس واقعہ کی مذمت کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ انسان کے طور پر ہم اس کے ساتھ ہونے والی نا انصافی کو روکنے میں ناکام رہے لیکن اسے انصاف ضرور ملے گا۔ قابل غور ہے کہ جموں کشمیر کے کٹھوا ضلع میں بکروال برادری ی کی ایک آٹھ سالہ بچی کے ساتھ اجتماعی آبروریزی کے بعد اس کا قتل کر دیاگیا تھا۔